ہم ڈٹے ہوئے ہیں، لانگ مارچ کریں گے، ہمیں ڈرا نہیں سکتے: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ ڈٹے ہوئے ہیں اور 27 ستمبر کو لانگ مارچ کریں گے، احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ’انتشاری سیاست‘ کے الزامات کو مسترد کردیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ انہوں نے تمام آئینی اور سیاسی راستے اختیار کیے، تاہم شنوائی نہ ہونے پر لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 2 سال مکمل ہونے کو ہیں، اس دوران کوئی لانگ مارچ یا احتجاج نہیں کیا، ہم چور دروازوں سے نہیں آتے بلکہ عوامی لوگ ہیں اور جمہوریت کے ذریعے آتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ جب سے وہ وزیراعلیٰ بنے ہیں، انہوں نے کون سا احتجاج کیا ہے؟

سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم ڈٹے ہوئے ہیں، لانگ مارچ کریں گے اور احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ 27 ستمبر کو نکلیں گے، ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی تینوں بہنوں کو گزشتہ روز حراست میں لیا گیا، جبکہ پی ٹی آئی نے تمام آئینی اور جمہوری راستے اختیار کیے ہیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، عدالتی احکامات کے باوجود بھی بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 26 نومبر 2024 کے بعد سے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف جبر جاری ہے اور ان کے بقول بے گناہ کارکنوں کو ’شہید‘ کیا گیا۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جا رہے اور قانون و امن و امان کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ ہمیں دہشت گردوں کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا، سوال یہ ہے کہ کیا ہم دہشت گرد ہیں؟

انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں اکسا رہی ہے، تاہم وہ دہشت گردوں کی طرح نہیں آئیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب وہ اسلام آباد آئیں گے تو ہر طرف پاکستان کے جھنڈے ہوں گے، وہ سیاسی لوگ ہیں اور بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی رہنما انہیں بتائیں کہ احتجاج کے علاوہ ان کے پاس اور کیا راستہ ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی مارچ کے حوالے سے سخت موقف سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں