وسیم اکرم نے بابراعظم کے کپتانی سنبھالنے کو غلط فیصلہ قرار دے دیا

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بابراعظم کے قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے کو غلط فیصلہ قرار دے دیا۔

مانچسٹر میں وقار یونس کے ہمراہ چیریٹی فنڈ ریزنگ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ وہ کسی کو الزام نہیں دینا چاہتے اور ممکن ہے وہ غلط ہوں، تاہم ان کے خیال میں بابراعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی قبول نہیں کرنی چاہیے تھی۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بابراعظم کا کپتانی لینا غیر ضروری تھا اور انہیں صرف بطور کھلاڑی ٹیم میں کھیلنے پر توجہ دینی چاہیے تھی۔

انہوں نے تیسرے ٹیسٹ کے ٹاس کے موقع پر پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم سے 7 کھلاڑیوں اور کوچ کی تبدیلی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ انہیں اس بارے میں معلوم نہیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اگر کپتان کو ہی اپنی ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں کا علم نہیں تو پھر اس کی ذمہ داری پر سوال اٹھتا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی اور شخص ان کا ماننا ہے کہ اگر ٹیم کا لیڈر یا کپتان کھلاڑیوں کا ساتھ نہ دے تو وہ اپنی سو فیصد کارکردگی نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی رائے میں دوسرے ٹیسٹ کے بعد جو کچھ ہوا، اس کے بعد بابراعظم کو کہنا چاہیے تھا کہ وہ صرف بطور کھلاڑی کھیلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں