کوہاٹ: پولیس لائنز کے قریب خودکش دھماکا، 21 افراد شہید، 103 زخمی

کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں 15 پولیس اہلکاروں اور 6 شہریوں سمیت 21 افراد شہید جبکہ 103 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، جس کے نتیجے میں مسجد کے باہر گڑھا پڑ گیا جبکہ مسجد کا بیرونی حصہ اور قریبی عمارتیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔

ایم ایس کوہاٹ اسپتال ڈاکٹر طاہر کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 15 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری شامل ہیں۔

ایم ایس کے مطابق شہداء میں لیاقت میموریل اسپتال کے چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹر طاہر نے بتایا کہ 90 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال جبکہ 13 کو لیاقت میموریل اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 4 زخمیوں کو پشاور کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 34 زخمی تاحال مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

پولیس لائنز میں دہشتگردوں کا حملہ

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جیو نیوز کو بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی کی گئی۔

آئی جی کے مطابق فائرنگ کے دوران اسپیشل برانچ کی عمارت میں ایک اور خودکش دھماکا ہوا۔

سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق 7 مسلح دہشتگرد پولیس لائنز میں داخل ہوئے، جن کا پولیس اور سی ٹی ڈی نے بھرپور مقابلہ کیا۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق کارروائی کے دوران اب تک 6 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں خودکش بمبار اور اسنائپر بھی شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ

پولیس کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار بھی زیر علاج ہیں۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر طاہر علی شاہ کے مطابق اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ پولیس لائنز کے اطراف مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوٹس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کوہاٹ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

وزیراعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں اور ملک میں امن کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کی قدر کی جانی چاہیے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں