اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹادی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں لارجر بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو عوامی مقامات پر قبضے یا شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا قانونی حق حاصل نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی کہ سرکاری مشینری، فنڈز، گاڑیاں یا دیگر وسائل سیاسی احتجاج میں استعمال نہ ہونے دیے جائیں، جبکہ کسی سرکاری ملازم کو احتجاج میں شرکت پر مجبور بھی نہ کیا جائے۔
عدالت نے وزارت داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ، چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو عدالتی ہدایات پر عملدرآمد اور شہریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔




