میر رضا کی ناک کی ہڈی ٹوٹی، سر پر چوٹ بھی تھی: پولیس سرجن

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ نے جوڈیشل کمیشن کو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان تاجر میر رضا کی ناک کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی اور سر کے پچھلے حصے پر سخت چیز لگنے کا نشان موجود تھا۔

ڈاکٹر سمیہ کے مطابق میر رضا کو یہ زخم موت سے پہلے لگے تھے، جبکہ گولی لگنے سے ان کے پھیپھڑوں، دل اور پسلیوں کو نقصان پہنچا۔

پولیس سرجن نے بتایا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم میں گن شاٹ ریسیڈیو کے نمونے حاصل نہیں کیے گئے اور گولی کے زخم کے سائز کا اندراج بھی غلط تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میر رضا کے جسم پر تیزاب سے جلنے کے نشانات بھی موجود تھے، جبکہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ میں تیزاب کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

ڈاکٹر سمیہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے ابتدائی پوسٹ مارٹم کی خامیوں سے متعلق 10 اگست کو ایڈیشنل آئی جی کو خط بھی ارسال کیا تھا۔

کمیشن کے استفسار پر پولیس سرجن نے کہا کہ 8 اگست کو قبر کشائی کے دوران صرف پرانی میڈیکل ٹیم موجود تھی اور اہلخانہ سمیت کسی غیر متعلقہ شخص کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں