اڈیالہ جیل کی سکیورٹی مزید سخت، 435 پولیس اہلکار تعینات، 8 مقامات پر ناکے قائم ہوں گے

اڈیالہ جیل کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت جیل کے اطراف 8 اہم مقامات پر پولیس ناکے قائم کیے جائیں گے اور 435 اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت داہگل، گیٹ نمبر ایک، گیٹ نمبر 5، فارماسیوٹیکل فیکٹری اور گورکھپور سمیت مختلف مقامات پر ناکے قائم کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 8، چکری اور ٹھلیاں میں بھی اضافی پولیس ناکے قائم کیے جائیں گے۔

پولیس کے مطابق اڈیالہ جیل کی سکیورٹی پر مجموعی طور پر 435 اہلکار تعینات ہوں گے، جن میں رائٹ مینجمنٹ، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے اہلکار شامل ہوں گے۔

سکیورٹی پلان کے تحت داہگل سے گورکھپور تک پیٹرول پمپس، ہوٹلوں اور دکانوں کو بند کرایا جائے گا، جبکہ جیل کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ایس پی صدر اور انچارج ڈی ایس پی صدر کریں گے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا سکیورٹی پلان تاحکم ثانی نافذ رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں