7 کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ پی سی بی نے سوچ سمجھ کر کیا ہوگا: بابر اعظم

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کچھ سوچ سمجھ کر ہی کیا ہوگا۔

انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ سے ایک روز قبل بابر اعظم نے لندن میں پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کی۔

تیسرے ٹیسٹ کی ٹیم کے حوالے سے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ کس کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ہے، تقریباً طے کرچکے ہیں، کنڈیشنز کے مطابق بہترین ٹیم کھلائیں گے۔

لارڈز ٹیسٹ کے بعد 7 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیے جانے سے متعلق سوال پر قومی کپتان نے کہا کہ پی سی بی نے یہ فیصلہ کچھ سوچ کر ہی کیا ہوگا، اس بارے میں بورڈ ہی بہتر بتا سکتا ہے۔

لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست پر بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ ٹیم نے کسی بھی شعبے میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ سیریز ہار چکے ہیں، تاہم خواہش ہے کہ سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کریں۔ بطور ٹیم مثبت اور اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز ختم کرنا چاہتے ہیں۔

نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ یہ ان کے لیے دباؤ نہیں بلکہ خود کو ثابت کرنے کا بہترین اور شاندار موقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں