سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، ایک طرف بلاول بھٹو زرداری کو خوش آمدید کہا جاتا ہے جبکہ راستے میں کھڈے کھودے جاتے ہیں۔

کراچی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے انہیں عزت دی اور انہوں نے ہمت کے ساتھ فسطائیت کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ موجودہ اسمبلیاں غلط طریقے سے وجود میں آئی ہیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ پڑوسیوں سے خطرہ ہے، جبکہ اسی وزیراعلیٰ کی جماعت کی وفاق میں بھی حکومت ہے۔ ان کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ اس جماعت کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں افغانستان کے ساتھ معاملات بہتر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے افغانستان سے متعلق پالیسی پر تنقید کی تو جواب دیا گیا کہ افغانستان چلے جائیں۔

سہیل آفریدی نے اپنی ذاتی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بسوں اور رکشوں میں اسکول جایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے رشتے دار نہیں اور نہ ہی ارب پتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں