وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کو ہمسایہ ممالک سے زیادہ دیگر صوبوں سے آنے والی دہشتگردی کا خطرہ ہے، صوبے کے امن و امان پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام سکیورٹی کے معاملے پر اللہ تعالیٰ کے بعد حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں، اسی لیے صوبے میں سکیورٹی کے لیے اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ہمسایہ ممالک سے کم جبکہ ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ کچے کا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم پیشہ عناصر کا مرکز بنا ہوا تھا، تاہم پاک فوج اور سندھ حکومت کے تعاون سے وہاں صورتحال کو کافی حد تک قابو میں لایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے کے سرحدی علاقوں سے سکیورٹی تھریٹس سامنے آتے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری، معلومات کے تبادلے اور جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں جرائم پر قابو پانا اور منظم جرائم کا خاتمہ حکومت کے لیے بڑا چیلنج تھا۔ ماضی میں صوبے میں دن دیہاڑے قتل کے واقعات پیش آتے تھے جبکہ بچوں سے زیادتی کے واقعات انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہیں۔
انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم اب بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کرپشن کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرپشن کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کرپشن بحیثیت قوم ہمارے معاشرے میں سرایت کرچکی ہے اور اسے برائی کے بجائے معمول کا حصہ سمجھا جانے لگا ہے، تاہم پنجاب میں جہاں بھی کرپشن ہوگی وہاں بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔




