پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 15 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے، کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
شمالی وزیرستان: پاک فوج نے افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
افغان حکومت سے متعلق پاک فوج کا مؤقف
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت دہشتگردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق افغان حکومت مؤثر سرحدی انتظام سمیت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی مسلسل ناکام ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم ہیں اور عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔




