راولپنڈی میں ڈاکٹروں کا کارنامہ، 5 سالہ بچے کا کٹا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا

راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹروں نے 5 سالہ بچے کے مکمل طور پر کٹے ہوئے ہاتھ کو کامیاب سرجری کے ذریعے دوبارہ جوڑ دیا۔

جہلم سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ بچے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے مکمل طور پر کٹ گیا تھا، جس کے بعد اسے فوری طور پر ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔

اسپتال میں ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر امبرین کی سربراہی میں طبی ٹیم نے بچے کے کٹے ہوئے ہاتھ کو دوبارہ جوڑنے کے لیے پیچیدہ سرجری کی۔

ڈاکٹروں کے مطابق مائیکرو ویسکیولر سرجری کے ذریعے ہاتھ کی خون کی شریانوں اور رگوں کو دوبارہ جوڑا گیا، جس کے بعد کٹے ہوئے ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی۔

طبی ٹیم کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کے مکمل طور پر کٹے ہوئے ہاتھ کو دوبارہ جوڑنے کی سرجری انتہائی پیچیدہ اور حساس ہوتی ہے، تاہم بروقت طبی اقدامات اور کامیاب آپریشن کے نتیجے میں بچے کے ہاتھ میں خون کی فراہمی بحال کردی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں