محمد یوسف کی پاکستانی ٹیم پر سخت تنقید، کوچز کو کھیل کے لیے ’زہر‘ قرار دے دیا

سابق کپتان محمد یوسف نے قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کوچز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ محمد یوسف نے بعض کوچز کو کھیل کے لیے ’زہر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیاں اب عالمی سطح پر واضح ہوچکی ہیں۔

محمد یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بابر اعظم کے انگلینڈ کے خلاف آؤٹ ہونے کی پرانی اور حالیہ ٹیسٹ میچ کی ویڈیوز شیئر کیں اور کہا کہ وہ کئی سال پہلے ہی ان تکنیکی مسائل کی نشاندہی کرچکے تھے۔

سابق کپتان کے مطابق بدقسمتی سے بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے اردگرد موجود بعض ’نام نہاد کوچز‘ نے انہیں ان خامیوں پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ان تکنیکی مسائل کو اس وقت آسانی سے درست کیا جاسکتا تھا، تاہم انہیں دور کرنے میں ناکامی کے باعث آج پاکستان کرکٹ اس زوال کا شکار ہے جس کا مظاہرہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

انہوں نے کوچز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض کوچز کھیل کے لیے زہر ہیں، ان میں وژن کی کمی ہے، وہ کھلاڑیوں کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں اور باصلاحیت کرکٹرز کو بھی غلط رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ اگر کھلاڑی یہ نہیں سیکھتے کہ کس کی بات سننی ہے اور کس کے مشورے پر عمل کرنا ہے تو ان کے کیریئر مطلوبہ طوالت حاصل کرنے سے پہلے ہی ختم ہوسکتے ہیں۔

محمد یوسف نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیاں اب بنگلا دیش سے لے کر انگلینڈ تک بری طرح بے نقاب ہوچکی ہیں۔ ان کے مطابق جن خامیوں کو کئی برس قبل درست کیا جاسکتا تھا، وہ اب واضح اور سنگین کمزوری بن چکی ہیں، جس نے پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں