پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے دفاعی معاہدے کی پہلی کمیٹی کا اجلاس کل استنبول میں ہوگا

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کا اجلاس کل استنبول میں ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے اعلیٰ حکام مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کے اجلاس کے لیے پیر کو استنبول میں جمع ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف شریک ہوں گے، جبکہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ گئے ہیں۔

ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور سرفہرست ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مسلح افواج کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی بہتر بنانے کے علاوہ دفاعی صنعت کے شعبے میں مشترکہ پیداوار اور تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ رواں ماہ طے پایا تھا، جس کے بعد یہ اس معاہدے کے تحت اعلیٰ سطحی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں