آسٹریلوی سائنس دانوں نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں پھنسے افراد تک ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کے لیے خصوصی سائبرگ کاکروچ تیار کرلیے ہیں۔
محققین نے ان کیڑوں کو ’پاربورگز‘ (Paraborgs) کا نام دیا ہے، جنہیں خصوصی کیمروں اور دوا پہنچانے والے انجیکشن آلات سے لیس کیا گیا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق کاکروچ کے اعصابی نظام میں الیکٹروڈز نصب کرکے انہیں دور سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ان کیڑوں کی جسامت اور جسمانی ساخت انہیں ایسے مقامات تک پہنچنے کے قابل بناتی ہے جہاں عام روبوٹ یا امدادی ٹیموں کے لیے پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔ یہ سائبرگ کاکروچ تنگ راستوں اور ملبے کے درمیان سے گزر کر متاثرہ افراد تک ادویات پہنچا سکتے ہیں۔
تجربات کے دوران دوا پہنچانے میں مجموعی طور پر 72 فیصد کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ قریبی فاصلے سے یہ شرح 95 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔
سائنس دانوں کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو مستقبل میں زلزلوں، عمارتیں منہدم ہونے، ملبے میں پھنسے افراد اور سانپ کے کاٹنے سمیت مختلف ہنگامی حالات میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مزید ترقی کے بعد سائبرگ کاکروچ قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور مشکل مقامات تک ضروری ادویات پہنچا کر قیمتی انسانی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔




