امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد بہتر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آٹا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، جبکہ کسانوں کو سستی کھاد بھی دستیاب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی بڑی گاڑیاں چلا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اب ایسا نہیں ہوگا کہ حکومت دھرنا ختم کرنے کا کہے اور جماعت اسلامی مطالبات مان کر احتجاج ختم کردے، دھرنا اس وقت ختم ہوگا جب حکومت مطالبات پر عملی اقدامات کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی شیڈول کے مطابق دھرنے جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ گزشتہ روز خواتین نے بھی حکومتی پالیسیوں کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگی حالات کے باوجود حکمرانوں نے عوام پر پیٹرول بم گرایا، جبکہ مافیاز نے حکومت کے ساتھ مل کر 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد کی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دے رکھے ہیں، جو آج آٹھویں روز میں داخل ہوگئے ہیں۔




