انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا امکان ہے جبکہ بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں شروع ہوگا۔ لندن پہنچنے کے بعد مقامی کنڈیشنز کا جائزہ لے کر پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دی جائے گی۔
لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 101 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں تبدیلیوں پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ انگلی کی انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے والے بابر اعظم کی واپسی کے لیے مینجمنٹ پرامید ہے۔
بابر اعظم کی واپسی کی صورت میں اذان اویس کو پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق لارڈز کی نسبتاً خشک کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پاکستان ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے، جبکہ فاسٹ بولر عبید شاہ کو بھی ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن کی کنڈیشنز لیڈز سے مختلف اور نسبتاً خشک ہیں، جبکہ لارڈز کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار اور فلیٹ رہنے کی توقع ہے۔
پاکستان ٹیم مینجمنٹ کنڈیشنز اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ کے لیے حتمی پلیئنگ الیون کا فیصلہ کرے گی۔




