پیٹرول مہنگا ہونے کے اثرات، پیاز اور چکن سمیت 23 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مہنگائی پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں مزید 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح بڑھ کر 9.66 فیصد ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیا سستی جبکہ 18 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز کی قیمت 14.17 فیصد بڑھ گئی۔

چکن بھی 3.35 فیصد مہنگا ہوا جبکہ دال چنا، لہسن اور چائے سمیت متعدد دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ ایک ہفتے کے دوران انڈے 5.78 فیصد سستے ہوئے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5.15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 4.99 فیصد اور آلو کی قیمت میں 1.17 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ چینی، ایل پی جی اور کیلے کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق مجموعی طور پر حالیہ ہفتے کے دوران ضروری اشیائے خورونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں