اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت کے قرضوں میں گزشتہ 28 ماہ کے دوران 18 ہزار 832 ارب روپے کا بھاری اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔مرکزی بینک کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 تک کے عرصے میں مقامی قرضوں میں 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضوں میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اس حساب سے روزانہ اوسطاً 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد قرضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔نگران حکومت کے آخری مہینے فروری 2024 میں وفاقی حکومت کا کل قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا جو جون 2026 کے اختتام تک بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے تک پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق فروری 2024 میں مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا جو جون 2026 میں 59 ہزار 441 ارب روپے ہو گیا۔ اسی طرح بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے سے بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے تک جا پہنچا۔





