پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح، طلبہ کو ایک سال مفت Gemini سروس دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح کردیا، جبکہ گوگل نے پاکستانی طلبہ کے لیے ایک سال تک گوگل جیمینائی (Gemini) کی مفت سروس فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

گوگل کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ، سرمایہ کاری اور مستقبل میں گوگل کے تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

ملاقات میں گوگل کے نائب صدر نے پاکستان کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور گوگل پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

گوگل کے نائب صدر نے اعلان کیا کہ پاکستانی طلبہ کو جلد ایک سال کے لیے گوگل جیمینائی کی مفت سروس فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا اور تعلیم کے شعبے میں ڈیجیٹل سہولیات کو مزید فروغ دینا ہے۔

گوگل کے پاکستان میں دفتر کا قیام ملک کے ڈیجیٹل شعبے میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ حکومت کے مطابق اس شراکت داری سے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، نوجوانوں کی تربیت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں