براڈ پیک حادثہ: لاپتا پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش مل گئی

براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے باعث لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش مل گئی۔

الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق سہیل سخی کی لاش شگر کے علاقے تسر سے تعلق رکھنے والے مقامی رضاکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کی۔

الپائن کلب کے مطابق لاش کی تلاش اور اسے منتقل کرنے والے رضاکاروں میں محمد ندیم، محمد بشیر اور ابوذر شامل تھے۔ رضاکاروں نے زمان اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سہیل سخی کی لاش کیمپ ون سے بیس کیمپ منتقل کردی۔

الپائن کلب کا کہنا ہے کہ موسم نے اجازت دی تو سہیل سخی کی میت کو آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو منتقل کیا جائے گا۔

الپائن کلب آف پاکستان نے سہیل سخی کے اہل خانہ اور کوہ پیمائی کی عالمی برادری سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً 15 روز قبل براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 کوہ پیما لاپتا ہوگئے تھے۔ حادثے کے بعد 5 نیپالی کوہ پیماؤں سمیت 7 کوہ پیماؤں کی لاشیں مل چکی ہیں، جبکہ سہیل سخی کی لاش بھی اب مل گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں