کینیڈین ہاکی ٹیم کا پاکستان کا دورہ، اصولی اتفاق ہوگیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے مطابق کینیڈین ہاکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ ہاکی سیریز کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی۔

پی ایچ ایف کے مطابق کینیڈین ہاکی فیڈریشن، قومی ٹیم اور متعلقہ حکام کے ہمراہ پاکستان آنے پر رضامند ہوگئی ہے، جبکہ کینیڈین ٹیم کا دورہ آئندہ سال جنوری یا فروری میں متوقع ہے۔

پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ دورے کی حتمی تاریخیں، میچز کی تعداد اور دیگر انتظامی معاملات دونوں ممالک کی باہمی مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔

کینیڈین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی میزبانی اور ملک کی ہاکی روایات میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق کینیڈا کے علاوہ مزید تین ممالک کی ٹیموں کے دورہ پاکستان کے لیے بھی مذاکرات جاری ہیں۔ ان ٹیموں کی رواں سال کے اختتام یا آئندہ سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پاکستان آمد متوقع ہے۔

پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باقاعدہ بین الاقوامی ہاکی کیلنڈر بحال کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، جبکہ بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ ہاکی سیریز کے انعقاد کے منصوبے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔

فیڈریشن کے مطابق غیر ملکی ٹیموں کے دوروں سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور قومی ٹیم کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں