اعصام الحق اور عقیل خان آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان کے ٹینس اسٹارز اعصام الحق اور عقیل خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ کے 45 پلس ڈبلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

کوارٹر فائنل میں پاکستانی جوڑی کا مقابلہ اسپین کے فرانسسکو زیویر مارٹینیز بینا اور پیڈرو نیتو اوریانا پر مشتمل جوڑی سے ہوا، جہاں اعصام الحق اور عقیل خان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔

پاکستانی جوڑی کو پہلے سیٹ میں 6-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرا سیٹ 7-6 سے جیت لیا۔

دوسرے سیٹ کے دوران اعصام الحق اور عقیل خان نے دو میچ پوائنٹس بھی بچائے اور مقابلے کو فیصلہ کن میچ ٹائی بریک تک لے گئے۔

فیصلہ کن میچ ٹائی بریک میں پاکستانی جوڑی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 10-2 سے کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔

سیمی فائنل میں اعصام الحق اور عقیل خان کا مقابلہ یوکرین کی جوڑی سے ہوگا۔

دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف پارٹنرز کے ساتھ مکسڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں بھی رسائی حاصل کی ہے۔ عقیل خان نے جرمنی کی ایلین اَراناس روتھ کے ساتھ جبکہ اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمن کے ساتھ مکسڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں