آرام باغ روڈ پر واقع ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری کرنے کے الزام میں بینک کے آپریشن منیجر اور اس کے دوست کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق چوری کی واردات 7 اگست کی درمیانی شب پیش آئی، جس میں نجی بینک کا آپریشن منیجر اپنے دوست کے ساتھ ملوث نکلا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اے ٹی ایم کا لاک کھول کر 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری کیے، جبکہ شناخت چھپانے کے لیے اے ٹی ایم میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے پر چیونگم بھی لگا دی تھی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان سے چوری کی گئی رقم میں سے 29 لاکھ 74 ہزار روپے برآمد کر لیے۔
پولیس کے مطابق بینک کے آپریشن منیجر نے چوری کے بعد رقم اپنے دوست کے پاس رکھوائی تھی، جبکہ باقی رقم کی برآمدگی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔




