آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، قیمتوں کے یومیہ تعین اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ٹرانسپورٹ اتحاد کو پیر کے روز مذاکرات کے لیے طلب کر لیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات کے لیے ٹرانسپورٹ اتحاد کی ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، تاہم اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان تک ہڑتال جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل کمشنر آفس میں گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد اور حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا مطالبہ ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا یومیہ بنیادوں پر تعین ختم کیا جائے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد 7 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لیا جائے۔




