ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے والد ہورے میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہورے میسی جمعے کے روز ارجنٹائن کے شہر روساریو میں واقع ایک طبی مرکز میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بعد لیونل میسی نے اپنے والد کے ساتھ وقت گزارا تھا، جس کے بعد وہ اپنے کلب انٹر میامی میں واپس شامل ہوئے اور ایک ہفتہ قبل دوبارہ میدان میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔
ہورے میسی اپنے بیٹے کے فٹبال کیریئر میں اہم ترین معاونین میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے میسی کے ابتدائی فٹبال کیریئر سے ہی ان کی بھرپور رہنمائی اور حمایت کی اور کئی برس تک ان کے نمائندے کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
لیونل میسی ماضی میں اپنے والد کے حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ انہیں بچپن سے ہی ہمیشہ اپنے والد کی رہنمائی کی ضرورت رہی اور ہر میچ کے بعد وہ ان سے اپنی کارکردگی کے بارے میں رائے لیتے تھے۔
ورلڈ کپ کے دوران الجزائر کے خلاف افتتاحی میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد میسی اپنے پہلے گول کا جشن مناتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئے تھے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس میں میسی نے وضاحت کی تھی کہ ان کے آنسوؤں کا تعلق فٹبال سے نہیں بلکہ ذاتی نوعیت کے معاملے سے تھا اور وہ چند مشکل دنوں سے گزر رہے تھے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




