پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لا کر اہم سفارتی کردار ادا کیا: تجزیہ

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا، جسے جنوبی ایشیا کی سکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر نظر رکھنے والے پالیسی پلیٹ فارم ساؤتھ ایشین وائسز نے نمایاں کامیابی قرار دیا ہے۔

ساؤتھ ایشین وائسز کے تجزیے کے مطابق پاکستان نے ایسے وقت میں امریکا اور ایران کے درمیان رابطہ کاری اور ثالثی کی جب دونوں ممالک شدید کشیدگی اور باہمی نقصان کے مرحلے میں پہنچ چکے تھے۔

تجزیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے ایک عالمی طاقت اور خطے کی اہم طاقت کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مؤثر کردار ادا کیا اور ایسی سفارتی پیش رفت ممکن بنائی جو چین، فرانس، جرمنی، بھارت اور برطانیہ جیسی بڑی طاقتیں بھی نہ کر سکیں۔

تجزیے کے مطابق اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی نمائندوں کے درمیان 20 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات کو 1979 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے براہِ راست رابطوں میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

ساؤتھ ایشین وائسز کے مطابق اگرچہ امریکا اور ایران نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے، تاہم دونوں ممالک نے مذاکراتی عمل مکمل طور پر ترک نہیں کیا۔ تجزیے میں کہا گیا کہ اس صورتحال میں ثالثی کے عمل کو ناکام قرار دینا یا پاکستان کو اس کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں