ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ مہنگی جبکہ 9 سستی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 10.1 فیصد جبکہ مرغی کی قیمت میں 9.19 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ دال چنا 2.4 فیصد مہنگی ہوئی، جبکہ گھی، آٹا اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ٹماٹر کی قیمت میں 6.82 فیصد کمی ہوئی جبکہ ایل پی جی، چینی، انڈے اور آلو بھی سستے ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ
ادارہ شماریات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ کراچی میں تھیلا 100 روپے تک مہنگا ہوکر 3 ہزار روپے کا ہوگیا۔
لاڑکانہ میں بھی 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا اور قیمت 2 ہزار 600 روپے تک پہنچ گئی۔ خضدار میں بھی 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 600 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔
سکھر میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 60 روپے تک اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 2 ہزار 560 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ بنوں میں تھیلا 50 روپے تک مہنگا ہوکر 2 ہزار 950 روپے کا ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 100 روپے، راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے اور بہاولپور میں 2 ہزار 960 روپے تک پہنچ گئی۔
حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 800 روپے تک فروخت ہورہا ہے، جبکہ سرگودھا میں اس کی قیمت 2 ہزار 793 روپے تک ہے۔
کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 750 روپے، لاہور میں 2 ہزار 300 روپے اور فیصل آباد میں 2 ہزار 200 روپے تک ریکارڈ کی گئی۔




