امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ بہت جلد ختم ہونے کا امکان ہے، انہیں نہیں لگتا کہ ایرانی زیادہ دیر تک جنگ جاری رکھ سکیں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی اور امریکی توانائی کی قیمتوں سمیت مختلف امور پر بات کی اور ایران کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ ایران کے خلاف جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور ایرانی زیادہ عرصے تک یہ جنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اب تک سب کچھ غیرمعمولی طور پر اچھا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اس مقصد کے تحت شدید نقصان پہنچایا گیا ہے کہ وہ کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، جبکہ صورتحال بھی بہتر سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔




