بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 12 دہشتگرد ہلاک، ٹھکانہ بھی تباہ

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں ضلع واشک اور مستونگ میں کی گئیں، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بروقت آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

بیان کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مزید 6 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ان کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 5 اور 6 اگست کو کی جانے والی یہ کارروائیاں ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا حصہ تھیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ‘عزم استحکام’ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں