میر رضا کیس ٹریس کر لیا، جلد تمام حقائق سامنے لائیں گے، آئی جی سندھ

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان تاجر میر رضا کے کیس کو ٹریس کر لیا گیا ہے اور پولیس جلد اس حوالے سے تمام حقائق عوام کے سامنے پیش کرے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس نے کیس میں اہم پیش رفت کی ہے اور بہت جلد پریس کانفرنس کے ذریعے تحقیقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک غیر متعلقہ میڈیکو لیگل افسر کیس پر تبصرہ کر رہا ہے، تاہم اگر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جاتا ہے تو پولیس کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں پولیس اپنی تفتیش کو آگے بڑھائے گی۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق لاش ملنے کے مقام کے قریب سے ایک گولی کا خول برآمد ہوا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کس پستول سے فائر کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد نہیں ہو سکا، اس لیے اس حوالے سے حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔

ادھر پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ میر رضا کا پوسٹ مارٹم کل کیا جائے گا، جس کے لیے خصوصی میڈیکل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبر کشائی کے بعد میت سے مختلف نمونے حاصل کیے جائیں گے، جبکہ پوسٹ مارٹم کے مقام کو محفوظ رکھنے کے لیے پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ضروری نمونے لینے کے بعد میت کو دوبارہ سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں