پاکستان ہاکی ٹیم نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔
نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا آغاز جنوبی کوریا نے جارحانہ انداز میں کیا اور دسویں منٹ میں کم ہیون جنگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے حیات ذکریا نے شاندار فیلڈ گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، تاہم 33ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے جینگ جی ہون نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلا دی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے رانا وحید نے 45ویں منٹ میں گول کر کے اسکور برابر کیا، لیکن پانچ منٹ بعد کم یانگ نے جنوبی کوریا کے لیے تیسرا گول کر کے مہمان ٹیم کو ایک مرتبہ پھر سبقت دلا دی۔
چوتھے اور فیصلہ کن کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 55ویں منٹ میں حنان شاہد اور 57ویں منٹ میں عبدالرحمن کے گولز کی بدولت میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور 4-3 سے فتح اپنے نام کر لی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی کوریا کے خلاف 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، جبکہ سیریز کا چوتھا اور آخری میچ بعد میں کھیلا جائے گا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




