میٹا کی ملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کو مزید مؤثر اور آسان بنانے کے لیے تین نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئے فیچرز کا مقصد گروپ میں رابطے، فیصلوں اور انتظامی امور کو پہلے سے زیادہ سہل بنانا ہے، جبکہ گروپس بنانے کے عمل کو بھی مزید آسان بنایا گیا ہے۔
اسمارٹ پول فیچر
واٹس ایپ نے پولنگ فیچر کو نئے ٹولز سے اپ گریڈ کر دیا ہے۔ اب صارفین پول کے لیے ایکسپائری ٹائم مقرر کر سکیں گے، جس کے بعد پول خودکار طور پر بند ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ صارفین ووٹرز کی شناخت مخفی رکھنے اور پول پوسٹ کرنے کے بعد 15 منٹ کے اندر اس میں ترمیم کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔
نیا گروپ بنانا مزید آسان
واٹس ایپ نے “Create a Similar Group” فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے صارفین کسی موجودہ گروپ کے اراکین کی بنیاد پر صرف ایک کلک میں نیا گروپ تشکیل دے سکیں گے، جس سے نئے گروپس بنانے کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
@all مینشن فیچر
واٹس ایپ نے گروپس کے لیے @all مینشن فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین ایک ہی بار میں گروپ کے تمام اراکین کو نوٹیفائی کر سکیں گے اور ہر فرد کو الگ الگ ٹیگ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
کمپنی کے مطابق اگر کسی گروپ میں 32 سے زیادہ اراکین ہوں گے تو @all فیچر صرف گروپ ایڈمنز استعمال کر سکیں گے، تاہم صارفین اس فیچر کی نوٹیفکیشنز کو میوٹ کرنے کا اختیار بھی رکھتے ہوں گے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ان نئے فیچرز کا مقصد گروپ چیٹس میں رابطے کو مؤثر، تیز اور زیادہ آسان بنانا ہے۔




