لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت سے متعلق درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
درخواست پر سماعت جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی، جہاں پی ٹی آئی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ اگر مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تو متبادل مقام فراہم کیا جائے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے پی ٹی آئی کی مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست پہلے ہی مسترد کی جا چکی ہے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کر کے آگاہ کریں کہ آیا مینارِ پاکستان کے علاوہ کسی اور مقام پر جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ انتظامی اتھارٹی جلسے کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کر چکی ہے، اس لیے عدالت کے سامنے دائر درخواست غیر ضروری ہو چکی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے اسی بنیاد پر پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔




