ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے بغیر ملک کے معاملات حل نہیں ہوسکتے، مسائل کے حل کے لیے اچھی حکمرانی ناگزیر ہے اور اس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی اور قومی سلامتی سے متعلق پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ذاتی رائے ہے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ گڈ گورننس کے بغیر ملک کے مسائل کا حل ممکن نہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے گڈ گورننس انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسائل حل نہیں ہو رہے تو اس کا مطلب ہے کہ گڈ گورننس کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اچھی حکمرانی پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ملک کے نوجوان بہتر طرز حکمرانی کے مستحق ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارڈ اسٹیٹ سے مراد ایسی ریاست ہے جہاں تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق چلائے جائیں، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ فوج ریاست چلا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے تمام اداروں اور شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین و قانون کی پاسداری کریں اور ریاست کے ساتھ اپنی وفاداری نبھائیں۔




