کویتی حکومت نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے بعد منظوری کا حکم نامہ سرکاری گزٹ کویت الیوم میں شائع کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کی منظوری حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت دی گئی ہے، جبکہ اس معاہدے پر دونوں ممالک کے درمیان 11 جون 2023 کو کویت میں اتفاق کیا گیا تھا۔
معاہدے کا مقصد پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے کے تحت فوجی تربیت، دفاعی تعلیم، لاجسٹک تعاون، فوجی اہلکاروں کے تبادلے، تکنیکی و سائنسی تعاون، ملٹری انٹیلیجنس اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کے لیے باقاعدہ فریم ورک قائم کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں ممالک سالانہ ایگزیکٹو پروٹوکول اور پروگرام ترتیب دیں گے، جبکہ مختلف سطحوں پر سرکاری وفود کے تبادلے کے ذریعے دفاعی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
معاہدے کے نفاذ، رابطہ کاری اور نگرانی کے لیے ایک مشترکہ فوجی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جس کے ارکان دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نامزد کریں گے۔ کمیٹی سال میں کم از کم ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرے گی۔
معاہدے میں تبادلہ کی جانے والی خفیہ معلومات، دستاویزات اور دیگر حساس مواد کے تحفظ سے متعلق خصوصی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی خفیہ معلومات یا دستاویز کو دوسرے فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کیا جا سکے گا، جبکہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی رازداری کی یہ ذمہ داری برقرار رہے گی۔
مالیاتی انتظامات کے تحت سرکاری دوروں پر آنے والے وفود کے اندرونِ ملک سفری اخراجات، رہائش اور ہنگامی طبی سہولتوں کی ذمہ داری میزبان ملک اٹھائے گا۔
معاہدے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس کی دفعات کسی بھی ملک کے دیگر بین الاقوامی معاہدوں کے تحت حاصل حقوق اور ذمہ داریوں کو متاثر نہیں کریں گی۔ معاہدے کی تشریح یا نفاذ سے متعلق کسی بھی اختلاف کو دونوں ممالک باہمی مشاورت کے ذریعے حل کریں گے اور معاملہ کسی تیسرے فریق یا ملکی و بین الاقوامی عدالت میں نہیں لے جایا جائے گا۔




