لاہور میں ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر کا نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ ایک ہی اسپیل کے دوران 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے اور کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
شدید بارش کے نتیجے میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں
ترجمان واسا کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ تاجپورہ میں 157.4، کاہنہ میں 143، شادی پورہ میں 136، مغل پورہ میں 133، مال روڈ پر 116، مناواں میں 112.2، جوہر ٹاؤن میں 81 اور چوک ناخدا میں 64.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈی ایچ اے میں شدید بارش کے باعث ایک انڈر پاس مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا اور پانی کی سطح چھت تک جا پہنچی، جبکہ ہربنس پورہ انڈر پاس کو بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔
تاج پورہ اور ملحقہ آبادیوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صحافی کالونی کے سامنے کینال روڈ، جلو پارک، میڈیکل اسکیم، تاج پورہ اسکیم اور دیگر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع رہا۔
بارش کے دوران مختلف حادثات بھی پیش آئے۔ کاہنہ کے قریب فیروزپور روڈ پر پھسلن کے باعث موٹرسائیکل کھمبے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں سر پر شدید چوٹیں آنے سے دو بھائی جاں بحق ہوگئے۔





