مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد بھارت نے سلال ڈیم کے تمام دروازے کھولتے ہوئے دریائے چناب میں پانی کا بڑا ریلہ پاکستان کی جانب چھوڑ دیا، جس کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی (ایریگیشن) پنجاب کے مطابق سلال ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونا شروع ہوگئی ہے، جبکہ پانی کا بڑا ریلہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران وزیرآباد پہنچنے کا امکان ہے۔
حکام نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سیالکوٹ، وزیرآباد اور دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور پانی کے بہاؤ کی مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ برقرار رہا اور مزید پانی چھوڑا گیا تو دریائے چناب میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے، جس سے سیلابی خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔




