فیفا ورلڈ کپ 2026: وزیراعظم شہباز شریف کی اسپین کو فتح پر مبارک باد

وزیراعظم شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کامیابی حاصل کرنے پر اسپین کی حکومت، قومی فٹبال ٹیم اور عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اسپین کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کھیل، غیرمعمولی صلاحیت، مضبوط ٹیم ورک اور اعلیٰ نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی اپنے نام کی۔

وزیراعظم نے ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر میزبان ملک امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو بھی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے انتظامات عالمی معیار کے تھے۔

انہوں نے شریک میزبان ممالک کینیڈا اور میکسیکو کی حکومتوں اور عوام کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کے تعاون نے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور فیفا کی انتظامیہ کو بھی کامیاب اور منظم ایونٹ کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ مختلف قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ایسے عالمی مقابلے باہمی احترام، دوستی، اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھیل کے ذریعے دنیا میں امن، بھائی چارے اور یکجہتی کا یہی جذبہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں