حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں مہنگے کر دیے گئے ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی کی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے، جو 20 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔

حکومت کی جانب سے اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے شعبے کو مرحلہ وار ڈی ریگولیشن کی طرف لے جا رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت اوگرا اب روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی اور نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں