فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے سیمی فائنل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں، تاہم دوسرے ہاف کے 55ویں منٹ میں انگلینڈ کے انتھونی گورڈن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔
برتری کے بعد ارجنٹینا نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور میچ کے 85ویں منٹ میں اینزو فرنانڈس نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں ارجنٹینا کے لاؤتارو مارٹینز نے فیصلہ کن گول اسکور کیا، جس کے بعد دفاعی چیمپئن نے 1-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل دوسری بار ورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
دوسری جانب اسپین پہلے سیمی فائنل میں فرانس کو شکست دے کر فیصلہ کن معرکے کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔
فیفا ورلڈکپ 2026 کا فائنل اتوار کو اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔




