امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران پر دباؤ برقرار رہے گا، خلیجی ریاستیں ٹول ٹیکس کے بجائے امریکا میں سرمایہ کاری کریں گی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو آئندہ ہفتے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک وہ خود انہیں روکنے کا فیصلہ نہیں کرتے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے منگل کو ایران کے ساتھ بات چیت کی ہے اور تہران پر معاہدہ کرنے کے لیے زور دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق توانائی سے متعلق اہداف کو آخری مرحلے میں زیرِ غور لایا جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران معاہدے یا مذاکرات پر آمادہ نہ ہوا تو آئندہ ہفتے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی جنگی صلاحیت کافی حد تک متاثر ہو چکی ہے، اگرچہ اس کے پاس اب بھی کچھ صلاحیت موجود ہے۔
امریکی صدر نے آبنائے ہرمز میں ٹول ٹیکس سے متعلق اپنے سابق بیان سے بھی رجوع کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ کسی بھی ملک سے آبنائے ہرمز کے استعمال پر ٹول ٹیکس وصول کیا جائے۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ خلیجی ریاستیں ٹول ٹیکس ادا کرنے کے بجائے امریکا میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گی۔




