دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (NVIDIA) کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جبکہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے دو مبینہ تعلقات کے انکشاف کے بعد کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز انہیں عہدے سے ہٹانے کے امکان پر غور کر رہا ہے۔
این ویڈیا دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سیمی کنڈکٹر چپس بنانے والی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ جینسن ہوانگ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ 1993 میں اس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی، تاہم حالیہ رپورٹس کے بعد ان کی قیادت اور کمپنی کے مستقبل کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ کے دو خواتین کے ساتھ مبینہ تعلقات سامنے آنے کے بعد کمپنی کے اندر ان معاملات پر تشویش پائی جاتی ہے۔ ان خبروں کے بعد این ویڈیا کے حصص کی قیمت میں بھی کمی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ابتدائی طور پر جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی ایک چینی کاروباری خاتون کے ساتھ مبینہ تعلقات کی رپورٹ سامنے آئی تھی۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ خاتون کے مبینہ طور پر چینی انٹیلی جنس سے روابط تھے اور ان تعلقات کے ذریعے چینی کمپنیوں کو این ویڈیا کی چپس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملی۔
رپورٹس کے مطابق ایلس ہوانگ نے اپنے شوہر اور بہن کے ساتھ مل کر چین اور سنگاپور میں کمپنیوں کا ایک نیٹ ورک قائم کیا تھا، جس کا مقصد مبینہ طور پر این ویڈیا کی چپس حاصل کرنا تھا۔ اس نیٹ ورک میں شنگھائی سینچری لیٹونگ نامی کمپنی کو مرکزی حیثیت حاصل تھی، جس کی بنیاد جون 2023 میں رکھی گئی تھی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ اس کمپنی نے اکتوبر میں این ویڈیا کے پریفرڈ کلاؤڈ پارٹنر کا درجہ حاصل کرلیا تھا، جس کے نتیجے میں اسے کمپنی کی چپس تک ترجیحی رسائی حاصل ہوئی۔
بعد ازاں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں جینسن ہوانگ کے این ویڈیا کی سینئر عہدیدار کمبرلی پاؤل کے ساتھ مبینہ تعلقات کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ کمبرلی پاؤل کمپنی کے ہیلتھ کیئر شعبے کی نائب صدر ہیں اور براہ راست جینسن ہوانگ کو رپورٹ کرتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کے اندر اعلیٰ عہدے پر فائز سربراہ اور ماتحت خاتون ملازمہ کے درمیان مبینہ تعلقات نے کارپوریٹ ضابطہ اخلاق اور اختیارات کے استعمال سے متعلق سوالات کو جنم دیا ہے۔ تاہم اس معاملے پر این ویڈیا اور کمبرلی پاؤل کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
وال اسٹریٹ جرنل سمیت بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان انکشافات کے بعد کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز جینسن ہوانگ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے پر غور کر رہا ہے۔ تاہم ان کی برطرفی یا بورڈ کی جانب سے کسی حتمی فیصلے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب رپورٹس میں این ویڈیا کی مارکیٹ ویلیو میں 600 ارب ڈالر سے زائد کمی کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، جبکہ کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی جانب سے مبینہ طور پر معلومات چھپانے کے معاملے پر کمپنی اور اس کے چیف ایگزیکٹو کے خلاف قانونی کارروائی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
اس معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جینسن ہوانگ کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان الزامات کے حوالے سے جینسن ہوانگ سے بات نہیں کی، تاہم وہ انہیں ایک اچھا انسان سمجھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کے لیے سب کچھ ٹھیک رہے گا۔
واضح رہے کہ جینسن ہوانگ کی قیادت میں این ویڈیا نے مصنوعی ذہانت کی عالمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ کمپنی کے مستقبل کے حوالے سے کسی بھی بڑی تبدیلی کو عالمی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی مارکیٹ میں اہم پیش رفت سمجھا جائے گا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




