ترکیہ میں منعقدہ 48ویں استنبول میراتھون میں 18 پاکستانی رنرز نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ کامیابی سے مکمل کرلیا، ثاقب خان پاکستانی ایتھلیٹس میں پہلے نمبر پر رہے۔
استنبول میراتھون میں ثاقب خان نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 49 منٹ اور 33 سیکنڈز میں طے کیا، جبکہ محمد سجاد 3 گھنٹے 17 منٹ اور 29 سیکنڈز کے ساتھ دوسرے اور اقبال علی خان 3 گھنٹے 23 منٹ اور 58 سیکنڈز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
ثاقب خان واحد پاکستانی رنر تھے جنہوں نے 3 گھنٹے سے کم وقت میں میراتھون مکمل کی۔ انہوں نے دوسرے نمبر پر آنے والے محمد سجاد کو 27 منٹ اور 56 سیکنڈز کے واضح فرق سے پیچھے چھوڑا۔
ریس کے اسپلٹ ٹائمز کے مطابق محمد سجاد نے ابتدائی مراحل میں برتری حاصل کر رکھی تھی۔ ہاف میراتھون کے مقام پر وہ ثاقب خان سے ایک منٹ 51 سیکنڈز آگے تھے، جبکہ 25 کلومیٹر پر ان کی برتری 2 منٹ 4 سیکنڈز اور 30 کلومیٹر پر 6 منٹ 17 سیکنڈز تک پہنچ گئی تھی۔
تاہم آخری مراحل میں ثاقب خان نے رفتار بڑھاتے ہوئے شاندار واپسی کی۔ 35 کلومیٹر کے مقام پر محمد سجاد کی برتری کم ہوکر صرف 36 سیکنڈز رہ گئی، جبکہ 40 کلومیٹر تک ثاقب خان آگے نکل چکے تھے۔
دیگر پاکستانی رنرز میں عرفان علی 3 گھنٹے 52 منٹ 47 سیکنڈز کے ساتھ چوتھے اور کامران یوسف 4 گھنٹے 2 منٹ 19 سیکنڈز کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔
محمد اسد صدیقی نے 4 گھنٹے 21 منٹ 2 سیکنڈز، محمد ذیشان علی نے 4 گھنٹے 28 منٹ 40 سیکنڈز اور عدیل منصور خان نے 4 گھنٹے 39 منٹ 2 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔
خواتین کی کیٹیگری میں مہناز نوید نمایاں پاکستانی رنر رہیں، جنہوں نے 4 گھنٹے 52 منٹ 6 سیکنڈز میں میراتھون مکمل کی، جبکہ سنائنا نے 5 گھنٹے 59 منٹ 40 سیکنڈز میں فاصلہ طے کیا۔
دیگر پاکستانی فِنشرز میں محمد گلریز خان نے 5 گھنٹے 2 منٹ 43 سیکنڈز، محمد اسد خان نے 5 گھنٹے 21 منٹ 36 سیکنڈز، نوفل الٰہی نے 5 گھنٹے 35 منٹ 11 سیکنڈز اور قسیم سعید نے 5 گھنٹے 42 منٹ 13 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔
اسی طرح محمد اشعر صدیقی نے 5 گھنٹے 46 منٹ 22 سیکنڈز، محمد جہانزیب خان نے 6 گھنٹے 12 منٹ ایک سیکنڈ، فہد منصوری نے 6 گھنٹے 14 منٹ 12 سیکنڈز اور محمد ارسلان ایوب نے 6 گھنٹے 14 منٹ 57 سیکنڈز میں میراتھون مکمل کی۔
استنبول میراتھون کو دنیا کی واحد بین البراعظمی میراتھون قرار دیا جاتا ہے، جہاں رنرز باسفورس پل عبور کرکے ایشیا سے یورپ میں داخل ہوتے ہیں۔ ریس کا اختتام تاریخی سلطان احمد اسکوائر پر ہوا۔
ایونٹ کی مردوں کی ایلیٹ کیٹیگری میں کینیا کے فِلیمون کِپٹو کِپچمبا نے 2 گھنٹے 8 منٹ 44 سیکنڈز میں ریس مکمل کرکے کورس ریکارڈ قائم کیا، جبکہ خواتین کی ریس ایتھوپیا کی کاسانیش ایانےو بازے نے 2 گھنٹے 24 منٹ 40 سیکنڈز میں جیتی۔
واضح رہے کہ استنبول میراتھون کو ورلڈ ایتھلیٹکس کا گولڈ لیبل حاصل ہے اور یہ دنیا کے نمایاں بین الاقوامی میراتھون مقابلوں میں شمار ہوتی ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




