پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ ایشلے نوفکے نے کہا ہے کہ سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی تبدیلی کسی بھی لحاظ سے حوصلہ افزا نہیں، تاہم ٹیم کی توجہ صرف کھیل پر مرکوز ہے۔
برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایشلے نوفکے نے بتایا کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے رات 3 بج کر 15 منٹ پر پیغام ملا کہ انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے جانا ہے۔
49 سالہ فاسٹ بولنگ کوچ نے کہا کہ ایجبسٹن کی پچ پر اس وقت گھاس موجود ہے، تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران بھی پچ پر اتنی ہی گھاس رکھی جائے گی یا نہیں۔
پاکستان ٹیم کے کمبی نیشن سے متعلق سوال پر ایشلے نوفکے نے کہا کہ یہ سوال کچھ جلدی کیا جارہا ہے، ٹاس سے قبل پلیئنگ کمبی نیشن کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔
پاکستان بھیجے گئے کھلاڑیوں سے متعلق سوال
پریس کانفرنس کے دوران ایشلے نوفکے سے ان کھلاڑیوں کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا جنہیں پاکستان واپس بھیجا گیا ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کھلاڑیوں سے کرکٹ سے ہٹ کر کسی معاملے پر تحقیقات کی جارہی ہیں؟
اس پر ایشلے نوفکے نے کہا کہ انہیں اس معاملے کے بارے میں کوئی خاص معلومات نہیں، بلکہ انہیں یہ بات سوال کرنے والے صحافی سے معلوم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں، تاہم سوال کے جواب میں امید ظاہر کی کہ ایسا کچھ نہ ہو جس طرح سوال میں اشارہ کیا گیا ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




