ایڈنبرا فیسٹیول فرنج 2026 اختتام پذیر، 80ویں سالگرہ کی تیاریاں شروع

ایڈنبرا فیسٹیول فرنج 2026 کا 79واں ایڈیشن اختتام پذیر ہوگیا، جس میں 77 ممالک سے فنکاروں نے شرکت کی اور 28 لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کیے گئے۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں منعقد ہونے والے دنیا کے معروف ترین ثقافتی اور پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول میں 25 روز کے دوران 306 مقامات پر 4,232 شوز کے 61,277 پرفارمنسز پیش کیے گئے۔

فیسٹیول انتظامیہ کے مطابق 31 اگست کی صبح تک مجموعی طور پر 2,805,395 ٹکٹ جاری کیے گئے، جو 2025 کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہیں۔ رواں سال 15 اگست کو ایک ہی دن میں 164,000 سے زائد ٹکٹ جاری ہوئے، جو فیسٹیول کی تاریخ میں ایک روز کی سب سے زیادہ شرکت ہے۔

ایڈنبرا فرنج میں اس سال 1,091 پیشہ ور صحافیوں نے 30 ممالک سے شرکت کی، جبکہ 63 ممالک سے 1,864 آرٹس انڈسٹری سے وابستہ افراد بھی فیسٹیول کا حصہ بنے۔

فیسٹیول سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ٹونی لینکسٹر نے کہا کہ فرنج دنیا بھر کے فنکاروں کو عالمی ناظرین کے سامنے اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال فیسٹیول کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر اس کے مستقبل اور اسے فنکاروں، مقامات اور ناظرین کے لیے مزید قابل رسائی بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

ایڈنبرا فیسٹیول فرنج کا 80واں ایڈیشن 6 سے 30 اگست 2027 تک منعقد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں