پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ اداکار آغا مصطفیٰ نے معاوضے کی عدم ادائیگی پر شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنکاروں کو بروقت ان کی محنت کی رقم نہیں دی جاتی۔
آغا مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں انڈسٹری میں معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کے حوالے سے بات کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ فنکاروں کو بروقت معاوضہ نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے ڈرامے کا نام بتائے بغیر کہا کہ ان کا ایک ڈراما جون میں ختم ہوا تھا، تاہم ستمبر گزرنے کے باوجود انہیں تاحال معاوضہ نہیں ملا اور نہ ہی رقم کی ادائیگی کے حوالے سے کوئی جواب دیا جا رہا ہے۔
آغا مصطفیٰ کے مطابق یہ مسئلہ صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ دیگر فنکاروں کو بھی اس صورتحال کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک کوئی فنکار بڑے اسٹارز کی فہرست میں شامل نہ ہو، اسے معاوضے کے حصول کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے جہاں ان کے والدین اور خاندان رہتے ہیں، جبکہ وہ کام کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہیں۔ یہاں گھر کا کرایہ، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات ہوتے ہیں۔
آغا مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گھر میں کام کرنے والے ملازمین کو وقت پر معاوضہ ادا کرتے ہیں، تو پھر ان کی محنت کی رقم بھی وقت پر ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جب وہ اپنے واجب الادا معاوضے کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو بعض لوگ انہیں انڈسٹری میں ’تنگ کرنے والا‘ قرار دیتے ہیں اور مبینہ طور پر دوسروں سے کہتے ہیں کہ انہیں کام نہ دیا جائے۔




