بھارتی اداکار سنجے دت کو ایک ٹی وی شو میں نام لیے بغیر بھارتی حکومت پر تنقید کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہیں وضاحت دینا پڑگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں ایک بھارتی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سنجے دت نے کہا تھا کہ وہ بھارت میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں کرتے اور چاہتے ہیں کہ ماضی کے دن واپس آجائیں۔
شو کے دوران سنجے دت نے وزیراعظم بننے کی پرفارمنس بھی کی، جس پر بعض سوشل میڈیا صارفین اور مودی کے حامیوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
سنجے دت کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اداکار نے وضاحت جاری کردی۔
اپنے وضاحتی ویڈیو بیان میں سنجے دت نے کہا کہ شو میں ان کی پرفارمنس اسکرپٹ کا حصہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد کسی فرد، برادری یا تنظیم کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا، کسی کی توہین کرنا یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔




