ہالی وڈ کے معروف اداکار سلویسٹر اسٹالون نے جنگوں کو بے وقوفی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگیں دونوں فریقوں کو تباہ کرتی ہیں اور ہتھیار بنانے والے اداروں کیلئے بھاری منافع کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔
نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں 80 سالہ سلویسٹر اسٹالون سے ان کی مشہور فلم ’ریمبو‘ اور جنگ کے حوالے سے ان کے نظریات کے بارے میں سوال کیا گیا۔
سلویسٹر اسٹالون نے کہا کہ اب وہ سمجھتے ہیں کہ تمام جنگیں بے وقوفی ہیں، کیونکہ ان میں دونوں فریق تباہ ہوتے ہیں اور نوجوان فوجی اپنی جانیں اور جسم گنواتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملک پر حملہ ہو تو اسے اپنا دفاع ضرور کرنا چاہیے، تاہم بنیادی طور پر جنگیں دونوں جانب تباہی لاتی ہیں، دشمنیاں نسلوں تک جاری رہتی ہیں، ممالک تباہ ہوتے ہیں اور سرحدیں دوبارہ کھینچی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگیں جنگی محکموں اور ہتھیار بنانے والے اداروں کیلئے بڑی رقم کمانے کا ذریعہ بن جاتی ہیں، جبکہ نوجوان فوجیوں کو جنگ کی تباہی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سلویسٹر اسٹالون نے کہا کہ ایک وقت تھا جب وہ جنگ کے پُرجوش حامی تھے، تاہم بعد میں انہیں احساس ہوا کہ جنگ انتہائی سفاک اور خوفناک عمل ہے اور اس میں کوئی شان یا بہادری نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ میں زخمی یا جسمانی اعضا سے محروم ہونے والے فوجیوں کی مشکلات دیکھ کر انہیں اس صورتحال سے نفرت ہے اور وہ اس کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔




