پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے رکن مصباح الحق کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق قومی کپتان مصباح الحق نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے سلیکشن کمیٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، تاہم استعفے کی وجوہات اور باضابطہ طور پر استعفیٰ جمع کرانے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے پی سی بی کو اپنے نوٹس پیریڈ سے آگاہ کردیا ہے اور وہ نوٹس پیریڈ مکمل ہونے کے بعد بورڈ سے الگ ہوجائیں گے۔

مصباح الحق کی جانب سے سلیکشن کمیٹی سے علیحدگی کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دورہ انگلینڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو مسلسل دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ٹیم مینجمنٹ و سلیکشن کے حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کردیا، جن میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، محمد اویس جعفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ذمہ داریوں سے ریلیز کردیا ہے۔

دوسری جانب اوپننگ بیٹر امام الحق بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ امام الحق دوسرے ٹیسٹ میچ میں انجری کے باعث شرکت نہیں کرسکے تھے۔

ذرائع کے مطابق امام الحق کی انجری کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں اور پی سی بی کی جانب سے انہیں انکوائری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں