سڈنی میراتھون میں پاکستانیوں کی شاندار کارکردگی، دانش الٰہی سب سے آگے

سڈنی میراتھون میں 30 سے زائد پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز نے شرکت کی، قومی رنرز میں دانش الٰہی نے سب سے کم وقت میں 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے نمایاں پوزیشن حاصل کرلی۔

سڈنی میں اتوار کو ہونے والی میراتھون میں دنیا بھر سے ہزاروں رنرز نے شرکت کی، جہاں پاکستانی رنرز نے بھی بھرپور انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی رنرز میں دانش الٰہی سب سے تیز رہے، جنہوں نے 3 گھنٹے 29 منٹ اور 7 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کی۔

دانش الٰہی کے لیے یہ میراتھون خاص اہمیت رکھتی تھی۔ وہ اس سے قبل شلوار قمیض میں میراتھون دوڑنے کے عزم کا اظہار کرچکے تھے تاکہ پاکستان کا مثبت اور نرم تاثر دنیا کے سامنے پیش کیا جاسکے۔ یہ ان کی ساتویں میراتھون تھی۔

کراچی کے نوشیروان علی نے 3 گھنٹے 49 منٹ اور 11 سیکنڈ میں ریس مکمل کرکے پاکستانی رنرز میں دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین میں ڈاکٹر رابعہ نعیم سب سے تیز رہیں اور انہوں نے 3 گھنٹے 52 منٹ اور 25 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا۔

اسلام آباد کے نوید حسن نے 3 گھنٹے 55 منٹ اور 58 سیکنڈ، عامر بٹ نے 3 گھنٹے 57 منٹ اور 6 سیکنڈ جبکہ حرا دیوان نے 3 گھنٹے 57 منٹ اور 24 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔

کراچی کی کوکب سرور نے 4 گھنٹے 4 منٹ اور 19 سیکنڈ جبکہ ڈاکٹر عدنان افضل نے 4 گھنٹے 4 منٹ اور 31 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کی۔

عمر رشید نے 4 گھنٹے 21 منٹ اور 53 سیکنڈ، نعمان اکبر نے 4 گھنٹے 22 منٹ اور 6 سیکنڈ، عریب عمران نے 4 گھنٹے 33 منٹ اور 27 سیکنڈ جبکہ محمد یوسف نے 4 گھنٹے 37 منٹ اور 9 سیکنڈ میں میراتھون مکمل کی۔

میر شہزاد نے 4 گھنٹے 38 منٹ اور 41 سیکنڈ، سعود صدیقی نے 4 گھنٹے 41 منٹ اور 40 سیکنڈ، محمد منیب نے 4 گھنٹے 47 منٹ اور 15 سیکنڈ، خالد شیخ نے 4 گھنٹے 47 منٹ اور 35 سیکنڈ جبکہ نادیا کرنانی نے 4 گھنٹے 48 منٹ اور 38 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔

جیو نیوز کے ڈپٹی اسپورٹس ایڈیٹر فیضان لاکھانی بھی پاکستانی رنرز میں شامل تھے۔ انہوں نے 4 گھنٹے 54 منٹ اور 41 سیکنڈ میں اپنی تیسری فل میراتھون مکمل کی۔

فیضان لاکھانی کے لیے یہ میراتھون اس لیے بھی اہم تھی کہ یہ ان کی پہلی ورلڈ میراتھون میجر تھی۔ کئی ماہ کی تیاری، طویل رنز اور ٹریننگ سیشنز کے بعد انہوں نے سڈنی کی سڑکوں پر 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کیا۔

سید عمار حسین نے 4 گھنٹے 54 منٹ اور 49 سیکنڈ، ڈاکٹر جہانزیب مغل نے 4 گھنٹے 55 منٹ اور 19 سیکنڈ جبکہ حسنین دھرمسے نے 4 گھنٹے 58 منٹ اور 38 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔

ابو محمد نے 5 گھنٹے 14 منٹ اور 34 سیکنڈ، قمر ضیا نے 5 گھنٹے 21 منٹ اور 11 سیکنڈ، محمد زید فاروق نے 5 گھنٹے 46 منٹ اور 42 سیکنڈ جبکہ زین عالم نے 5 گھنٹے 51 منٹ اور 48 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کی۔

جنید میمن نے 5 گھنٹے 59 منٹ اور 3 سیکنڈ، عارف اللہ نے 6 گھنٹے 6 منٹ اور 37 سیکنڈ، جواد یوسف نے 6 گھنٹے 9 منٹ اور 27 سیکنڈ، تابش مختار نے 6 گھنٹے 20 منٹ اور 30 سیکنڈ جبکہ محمد شعیب نظامی نے 6 گھنٹے 34 منٹ اور 53 سیکنڈ میں میراتھون مکمل کی۔

سڈنی میراتھون کا روٹ بھی اسے دیگر ریسز سے منفرد بناتا ہے۔ نارتھ سڈنی سے شروع ہونے والی 42.195 کلومیٹر کی ریس سڈنی ہاربر برج سے گزرتی ہوئی شہر کے معروف مقامات سے ہوتی ہے اور رنرز سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب فنش لائن تک پہنچتے ہیں۔

سڈنی میراتھون اب ورلڈ میراتھون میجرز کا حصہ بن چکی ہے، جس کے باعث دنیا کے بہترین رنرز کے ساتھ عام رنرز کے لیے بھی یہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

پاکستانی رنرز کے لیے سڈنی میراتھون کا سفر صرف فنش لائن تک پہنچنے کی دوڑ نہیں تھا۔ کسی کے لیے یہ ذاتی چیلنج تھا، کسی کے لیے عالمی میراتھون سرکٹ کا تجربہ، کسی کے لیے پاکستان کی نمائندگی کا موقع اور کسی کے لیے کئی ماہ کی محنت کو ایک یادگار کامیابی میں بدلنے کا سفر تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں